نئی دہلی ،23؍ مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) منفعت بخش عہدہ معاملہ میں نااہل قرار دئیے گئے عام آدمی پارٹی کے 20ارکان اسمبلی کو دلی ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ جمعہ کو آپ ارکان اسمبلی کی درخواستوں پر سماعت کے بعد عدالت نے یہ فیصلہ دیا۔ دہلی ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو پلٹ دیا ہے۔ ایسے میں ان ایم ایل ایز کی رکنیت برقرار رہے گی۔بتا دیں کہ منافع بخش عہدہ کے معاملے میں ان ارکان اسمبلی نے مرکز کے نوٹیفکیشن کو منسوخ کرنے کی مانگ کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں الگ الگ آٹھ درخواستیں داخل کی تھیں جس پر عدالت نے فیصلہ دیا ہے۔عدالت کے فیصلے کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹویٹ کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ کیجریوال نے ٹوئٹر پر لکھاکہ سچ کی جیت ہوئی۔ دہلی کے لوگوں کی طرف سے منتخب نمائندوں کو غلط طریقے سے برخاست کیا گیا تھا۔ دہلی ہائی کورٹ نے دہلی کے لوگوں کو انصاف دیا۔ دہلی کے لوگوں کی بڑی جیت۔ دہلی کے لوگوں کو مبارکباد۔وہیں، آپ ممبران اسمبلی کو لے کر ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد کانگریس لیڈر اجے ماکن نے ٹوئٹر پر عام آدمی پارٹی اور دہلی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ ماکن نے ٹویٹ کیاکہ اچھا ہے کورٹ نے آپ کے 20 ممبران اسمبلی کو کرپشن کے الزامات سے بری کر دیا۔ دہلی حکومت الیکشن کمیشن کے سامنے پہلے یہ قبول کر چکی ہے کہ پارلیمانی سیکرٹری وزراء کے برابر ہیں۔ ان کے دفتر، فرنیچر اور ٹرانسپورٹیشن پر کافی رقم خرچ ہوئی تھی۔ کیا یہ بدعنوانی نہیں ہے؟